امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران آبنائے ہرمز کو ہر صورت کھلا رکھنے اور خلیج سے گزرنے والی بحری تجارت کے تحفظ کو یقینی بنانے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر ٹرمپ نے خلیج سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کے لیے دوہرے تحفظ کا حکم دیا ہے۔ ان کے مطابق ضرورت پڑنے پر امریکی بحریہ کے جنگی جہاز کمرشل اور تجارتی جہازوں کی نگرانی کریں گے اور انہیں محفوظ راستہ فراہم کریں گے۔
امریکی صدر نے خلیج میں سفر کرنے والے تیل بردار جہازوں کو انشورنس اور سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ اس فیصلے کے تحت امریکا تجارتی جہازوں کو انشورنس کی ضمانت فراہم کرے گا تاکہ کشیدہ صورتحال کے باوجود عالمی تجارت متاثر نہ ہو۔
اپنے خطاب میں ٹرمپ نے کہا کہ امریکا دنیا بھر میں توانائی کی آزادانہ ترسیل کو یقینی بنائے گا اور اس میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خلیج سے گزرنے والی توانائی کی سپلائی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا تاکہ عالمی منڈیوں میں تیل کی فراہمی متاثر نہ ہو۔
آبنائے ہرمز ہر صورت کھلی رہے گی، ٹرمپ کا بحری تجارت کے تحفظ کا اعلان
