Baaghi TV

بندر عباس میں ایرانی بحری بیڑے پر امریکی،اسرائیلی حملہ

جنوب مشرقی ایران میں واقع اسٹریٹجک بندرگاہی شہر بندر عباس کے قریب ایرانی بحریہ کے ایک بڑے جہاز کو مبینہ طور پر امریکی اور اسرائیلی مشترکہ حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد جہاز میں شدید آگ بھڑک اٹھی اور بندرگاہ کے اطراف دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

میڈیا رپورٹس اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز کے مطابق حملہ اس وقت ہوا جب ایرانی بحری اثاثے بندر عباس کی بندرگاہ کے قریب موجود تھے۔ ویڈیو فوٹیج میں ایک بڑے بحری جہاز کو آگ میں لپٹا دیکھا جا سکتا ہے جبکہ سیاہ دھوئیں کے بادل فضا میں بلند ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ اسرائیل نے تین ایرانی کشتیوں کو نشانہ بنایا ہے،اطلاعات کے مطابق حملہ خاص طور پر اسلامک ریولوشنری گارڈ کور کی بحریہ کے اثاثوں کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے کئی بحری جہازوں اور بندرگاہ کے اہم فوجی انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ بعض جہاز مکمل طور پر تباہ ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

بندر عباس ایران کی سب سے اہم فوجی اور تجارتی بندرگاہوں میں شمار ہوتا ہے اور یہ عالمی سطح پر انتہائی اہم سمندری راستے آبنائے ہرمز کے بالکل قریب واقع ہے۔ یہ آبنائے دنیا کی توانائی کی سپلائی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے کیونکہ عالمی تیل کی بڑی مقدار اسی راستے سے گزرتی ہے۔عینی شاہدین کے مطابق حملے کے بعد بندرگاہ کے علاقے میں یکے بعد دیگرے کئی دھماکے ہوئے جس سے پورا علاقہ لرز اٹھا۔ بندرگاہ کے اوپر گھنے دھوئیں کے بادل چھا گئے اور ہنگامی سروسز کو فوری طور پر موقع پر طلب کیا گیا۔

More posts