متحدہ عرب امارات کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں نے نظامِ زندگی کو متاثر کر دیا ہے، جہاں دبئی، ابوظبی، راس الخیمہ، عجمان اور العین سمیت کئی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق دبئی اور ابوظبی میں مسلسل بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سڑکوں پر پانی کھڑا ہو گیا اور ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔ شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ کئی علاقوں میں گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں۔
ریاست راس الخیمہ میں طوفانی بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں، جبکہ عجمان میں بھی متعدد اہم شاہراہیں پانی میں ڈوب گئیں جس سے آمد و رفت میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔
العین سٹی میں بھی بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ نکاسی آب کے نظام پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔
حکام نے ایمرجنسی سروسز کو الرٹ کر دیا ہے اور نکاسی آب کے لیے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ماہرین کے مطابق خلیجی خطے میں اس نوعیت کی شدید بارشیں کم دیکھنے میں آتی ہیں، تاہم حالیہ موسمی تبدیلیوں کے باعث ایسے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
متحدہ عرب امارات میں شدید بارشیں، کئی شہر زیرِ آب، نظامِ زندگی متاثر
