Baaghi TV

تعلیمی اداروں میں منشیات اور تمباکو کے استعمال کی روک تھام کیلئے ایچ ای سی متحرک

اسلام آباد: ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان نے وفاقی علاقے کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں منشیات اور تمباکو کے استعمال سے متعلق ایچ ای سی پالیسی 2021 پر عملدرآمد اور نگرانی کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد کیا۔

اجلاس کی صدارت ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیاء الحق نے کی، جس میں ایچ ای سی کے متعلقہ حکام اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری پولیس کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کی باقاعدہ نگرانی، پالیسی پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے، عملدرآمد میں موجود خامیوں کی نشاندہی، متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے اور طلبہ میں آگاہی و انسدادی اقدامات کو مؤثر بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر ضیاء الحق نے زور دیا کہ طلبہ کو منشیات اور تمباکو کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کو مشترکہ اور مسلسل کوششیں کرنا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں ایسا محفوظ، صحت مند اور منشیات سے پاک ماحول فراہم کرنا ضروری ہے جہاں طلبہ اپنی تعلیم اور مستقبل کی تعمیر پر بھرپور توجہ دے سکیں۔

More posts