سعودی عرب میں واقع پرنس سلطان ایئربیس پر ایران کی جانب سے میزائل حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد امریکی فوجی زخمی ہوگئے۔
امریکی اخبار کے مطابق حملے میں امریکی فوج کے کم از کم 12 اہلکار زخمی ہوئے، جس کی تصدیق امریکی حکام نے بھی کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق حملے کے باعث امریکی فضائیہ کے کئی ری فیولنگ طیاروں کو بھی نقصان پہنچا، جس سے فوجی آپریشنز متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب سعودی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ریاض کی طرف فائر کیا جانے والا ایک بیلسٹک میزائل بروقت کارروائی کرتے ہوئے فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا، جس سے بڑے پیمانے پر نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔
علاوہ ازیں ایران کی جانب سے اسرائیل پر کلسٹر بموں سے حملے کیے گئے۔ اسرائیل نے حملے میں ایک شخص کی ہلاکت اور 2 کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی،ایران نے کویت میں امریکا کے 6 بحری جہاز تباہ کرنے اور دبئی میں ساحل اور ہوٹل پر حملے کرکے کئی امریکی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے،اس سے پہلے 3 کنٹینر جہازوں کی آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی،ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ مختلف ملکوں کے 3 کارگو جہاز واپس بھیج دیے گئے۔
