Baaghi TV

بغداد میں‌امریکی خاتون صحافی اغوا

بغداد: عراق کے دارالحکومت میں ایک امریکی خاتون صحافی کو اغوا کر لیا گیا، جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے اغواکاروں کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا ہے۔

عراقی حکام کے مطابق اغوا ہونے والی صحافی کی شناخت فری لانسر شیلی کِٹلسن کے نام سے ہوئی ہے، جو مشرقِ وسطیٰ کے امور پر رپورٹنگ کرتی رہی ہیں اور مختلف بین الاقوامی اداروں کے ساتھ منسلک رہی ہیں۔امریکی حکام نے اس واقعے کا الزام ایران نواز عراقی ملیشیا کتائب حزب اللہ پر عائد کیا ہے، تاہم عراقی وزارت داخلہ نے اغواکاروں کی شناخت سے متعلق کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔حکام کے مطابق صحافی کو وسطی بغداد کی سعدون اسٹریٹ سے اغوا کیا گیا۔ اغوا میں دو گاڑیاں استعمال کی گئیں، جن میں سے ایک گاڑی بابل صوبہ کے علاقے الحسوہ کے قریب تعاقب کے دوران حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے بعد مغوی خاتون کو دوسری گاڑی میں منتقل کر کے فرار ہو گئے۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ اغوا میں استعمال ہونے والی ایک گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی ہے، تاہم دیگر ملزمان تاحال فرار ہیں۔مشرق وسطیٰ پر رپورٹنگ کرنے والے ادارے ال مانیٹر نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صحافی کی فوری اور محفوظ رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ امریکی شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور وہ اس معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ایک امریکی عہدیدار کے مطابق مغوی صحافی کو پہلے ہی ممکنہ خطرات سے آگاہ کیا گیا تھا اور عراق چھوڑنے کا مشورہ بھی دیا گیا تھا۔

More posts