Baaghi TV

بنوں میں ڈومیل پولیس اسٹیشن پر خودکش حملہ، 5 افراد جاں بحق، 18 زخمی

kp police

بنوں: خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں ڈومیل پولیس اسٹیشن کے مرکزی گیٹ پر ایک خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا۔ دھماکے کے باعث 5 افراد جاں بحق جبکہ 18 زخمی ہوگئے۔

ریجنل پولیس افسر سجاد خان کے مطابق دھماکہ انتہائی شدید نوعیت کا تھا جس سے پولیس اسٹیشن کے قریب واقع مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔ دھماکے کی شدت کے باعث آس پاس کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور کئی گھروں کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں۔پولیس حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں تین خواتین، ایک مرد اور ایک بچہ شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ تمام زخمیوں اور لاشوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ شواہد اکٹھے کر رہا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ خودکش نوعیت کا تھا، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔

More posts