Baaghi TV


بھارت کے سب سے بڑے نیوکلیئر پاور پلانٹ کا حساس ڈیٹا ہیک، ہزاروں فائلیں ڈارک ویب پر لیک

‎بھارت کے سب سے بڑے نیوکلیئر پاور پلانٹ کوڈن کولم سے متعلق حساس معلومات مبینہ طور پر سائبر حملے کا نشانہ بن گئی ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق رینسم ویئر گروپ ورلڈ لیکس نے پلانٹ سے متعلق ہزاروں فائلیں ڈارک ویب پر اپ لوڈ کرنے کے ساتھ انہیں فروخت کے لیے بھی پیش کر دیا ہے، جس کے بعد بھارتی سیکیورٹی اور سائبر تحفظ کے نظام پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
‎رپورٹس کے مطابق لیک ہونے والے ڈیٹا میں پلانٹ کی مختلف تنصیبات کے نقشے، انجینئرنگ ڈیزائن، انشورنس سے متعلق دستاویزات، سپلائرز کی معلومات اور دیگر تجارتی ریکارڈ شامل ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ معلومات نیوکلیئر پاور پلانٹ کے ٹھیکیدار، انیل امبانی کی ملکیت رکھنے والے ریلائنس گروپ سے متعلق ہیں۔
‎ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہیکرز نے براہِ راست نیوکلیئر پلانٹ کے مرکزی نظام کو نشانہ نہیں بنایا بلکہ ایک تھرڈ پارٹی بھارتی ڈیٹا سینٹر کمپنی یوٹا کے سرور تک رسائی حاصل کی، جہاں متعلقہ دستاویزات محفوظ تھیں۔ اطلاعات کے مطابق سرور سے جزوی ڈیٹا حاصل کیا گیا اور واقعے کے بعد بھارتی حکام کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔
‎کوڈن کولم نیوکلیئر پاور پلانٹ بھارتی ریاست تامل ناڈو میں واقع ہے اور اسے ملک کا سب سے بڑا فعال جوہری بجلی گھر تصور کیا جاتا ہے۔ اس پلانٹ کی قومی توانائی کے شعبے میں اہم حیثیت ہے، جس کے باعث اس سے متعلق کسی بھی قسم کی معلومات کا افشا ہونا سیکیورٹی کے نقطہ نظر سے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔
‎ماہرین کا کہنا ہے کہ دستیاب معلومات سے بظاہر یہ ظاہر نہیں ہوتا کہ ہیکرز کو نیوکلیئر ری ایکٹرز کے بنیادی یا آپریشنل کنٹرول سسٹمز تک رسائی حاصل ہوئی ہے، اور نہ ہی کسی قسم کے ری ایکٹر آپریشن کے متاثر ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔ تاہم، پلانٹ کے نقشوں، انجینئرنگ ڈیزائنز اور دیگر حساس تجارتی معلومات کا ڈارک ویب پر پہنچ جانا مستقبل میں سیکیورٹی خطرات کو بڑھا سکتا ہے۔

More posts