Baaghi TV

‎آپریشن وعدہ صادق 4 کی 98 ویں لہر


ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ آپریشن وعدہ صادق 4 کی 98ویں لہر کے دوران امریکی اور اسرائیلی کمانڈ، آپریشنل، لاجسٹک، صنعتی اور عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے شعبۂ تعلقات عامہ کے مطابق آج کی کارروائیوں کو شہید میجر جنرل مجید خادمی کے نام سے منسوب کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کے پہلے مرحلے میں ایرانی بحریہ نے صہیونی رجیم سے منسلک کنٹینر جہاز “SDN7” کو کروز میزائل سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں جہاز میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔
‎ایرانی دعوے کے مطابق تل ابیب کے شمالی و جنوبی علاقوں، حیفا کے اہم مراکز، بئر السبع میں کیمیائی تنصیبات اور پتاح تکفا میں فوجی مقامات کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، جبکہ یہ بھی کہا گیا کہ اسرائیلی فضائی دفاع ان حملوں کو روکنے میں ناکام رہا۔
‎بیان میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ امریکی بحریہ کے LHA-7 یو ایس ایس ٹریپولی کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد جہاز کو پسپائی اختیار کرنا پڑی۔ اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مشترکہ ڈرون پروڈکشن مرکز اور علی السالم بیس پر موجود فضائی اثاثوں کو بھی میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔
‎پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ خطے میں مزاحمتی قوتوں کے ساتھ مل کر دشمن کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ آبنائے ہرمز اور خلیج فارس میں سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
‎ماہرین کے مطابق ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق ممکن نہیں، تاہم یہ صورتحال خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ممکنہ بڑے تصادم کی نشاندہی کرتی ہے۔

More posts