Baaghi TV

ایران نے فٹبال ٹیم کی کپتان کے منجمند اثاثے بحال کر دیے

‎ایران کی عدلیہ نے ویمن فٹبال ٹیم کی کپتان زہرا غنبری کے ضبط شدہ اثاثے بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جو حالیہ مہینوں میں سامنے آنے والے تنازع کے بعد ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔
‎غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ زہرا غنبری کے رویے میں تبدیلی اور ان کی بے گناہی کے اعلان کے بعد کیا گیا۔ عدالتی حکام کے مطابق ان کے خلاف عائد پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں اور ان کے اثاثے واپس کر دیے گئے ہیں۔
‎رپورٹس کے مطابق زہرا غنبری اُن چھ کھلاڑیوں میں شامل تھیں جنہوں نے رواں سال مارچ میں آسٹریلیا میں ہونے والے ایشین کپ کے دوران سیاسی پناہ لینے کی درخواست دی تھی۔ تاہم بعد ازاں انہوں نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا اور دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ ایران واپس آنے کا فیصلہ کیا۔
‎ایرانی میڈیا کے مطابق ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی اور جنگی صورتحال کے آغاز کے بعد بعض کھلاڑیوں کو ’غدار‘ قرار دے کر ان کے اثاثے منجمد کیے گئے تھے، جن میں زہرا غنبری بھی شامل تھیں۔
‎یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایشین کپ کے دوران ایرانی ٹیم کے قومی ترانہ نہ پڑھنے کے عمل کو بعض حلقوں نے حکومت کے خلاف احتجاج سے تعبیر کیا تھا، جس کے بعد کھلاڑیوں کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ بعد میں جب ٹیم نے ترانہ پڑھا تو اس پر بھی سوالات اٹھائے گئے۔
‎ماہرین کے مطابق زہرا غنبری کے اثاثوں کی بحالی اس بات کا اشارہ ہے کہ ایران میں کھیل اور سیاست کے درمیان تعلقات پیچیدہ ہیں، اور ایسے معاملات میں کھلاڑی اکثر دباؤ کا شکار ہو جاتے ہیں۔

More posts