Baaghi TV

فون فروخت کرنے سے پہلے ڈیٹا محفوظ کرنے کی ہدایت

pta

‎پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے شہریوں کو موبائل فون فروخت کرنے، کسی دوسرے شخص کے حوالے کرنے یا مرمت کے لیے دینے سے قبل ذاتی اور حساس معلومات محفوظ بنانے کی ہدایت کی ہے۔
‎پی ٹی اے کے مطابق اسمارٹ فونز میں صارفین کی ذاتی تصاویر، ویڈیوز، رابطہ نمبرز، پیغامات، دستاویزات، پاس ورڈز اور مختلف سوشل میڈیا اکاؤنٹس تک رسائی موجود ہوتی ہے۔ فون کسی دوسرے شخص کے ہاتھ میں جانے کی صورت میں معمولی سی غفلت بھی ڈیٹا چوری اور پرائیویسی کی خلاف ورزی کا سبب بن سکتی ہے۔
‎اتھارٹی نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ فون کسی کے حوالے کرنے سے پہلے اپنے تمام اہم ڈیٹا کا محفوظ بیک اپ ضرور بنائیں۔ تصاویر، ویڈیوز، رابطہ نمبرز، ضروری دستاویزات اور دیگر فائلیں کلاؤڈ اسٹوریج، کمپیوٹر یا کسی محفوظ ہارڈ ڈرائیو میں منتقل کی جا سکتی ہیں۔
‎پی ٹی اے نے خاص طور پر فیکٹری ری سیٹ سے پہلے فون کے ڈیٹا کی انکرپشن یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔ انکرپشن کے بعد فون کو مکمل طور پر فیکٹری ری سیٹ کیا جائے تاکہ پرانے ڈیٹا تک رسائی کے امکانات کم سے کم ہوں۔
‎پی ٹی اے کے مطابق جدید موبائل فونز میں عام ڈیلیٹ یا ری سیٹ کے باوجود بعض حالات میں ڈیٹا کی بحالی ممکن ہوسکتی ہے، اس لیے حساس معلومات رکھنے والے فون کو کسی دوسرے شخص کے حوالے کرتے وقت اضافی احتیاط ضروری ہے۔
‎اتھارٹی نے مزید تجویز دی کہ فیکٹری ری سیٹ کے بعد فون میں غیر اہم تصاویر یا ویڈیوز منتقل کرکے دوبارہ فیکٹری ری سیٹ کیا جا سکتا ہے، تاکہ پرانے ڈیٹا کی بازیابی کے امکانات مزید کم ہوجائیں۔
‎فون دینے سے پہلے سم کارڈ اور ایکسٹرنل میموری کارڈ بھی لازمی نکالنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ صارفین کو یہ بھی یقینی بنانا چاہیے کہ فون سے تمام ذاتی اکاؤنٹس، خاص طور پر ای میل، بینکنگ اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس لاگ آؤٹ یا مکمل طور پر ہٹا دیے گئے ہوں۔
‎پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ چند منٹ کی یہ احتیاط صارفین کو ذاتی معلومات کے غلط استعمال اور پرائیویسی کے ممکنہ نقصان سے بچانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

More posts