Baaghi TV

امریکا کی ایران کو وارننگ، معاہدہ نہ ہوا تو کارروائی کیلئے تیار

‎امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے ایران کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران نے دانشمندانہ فیصلے نہ کیے اور معاہدہ نہ کیا تو امریکا دوبارہ فوجی کارروائی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صورتحال کا دارومدار اب ایران کے فیصلوں پر ہے۔
‎واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران پیٹ ہیگستھ نے کہا کہ ایران کو یہ سمجھنا چاہیے کہ امریکا کی عسکری صلاحیتوں کا مقابلہ ممکن نہیں اور امریکا بدستور طاقتور ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کے پاس اب آبنائے ہرمز کو کنٹرول کرنے کے لیے مؤثر بحریہ موجود نہیں۔
‎امریکی وزیر جنگ نے کہا کہ امریکا ایران کی سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور اسے معلوم ہے کہ ایران کون سے فوجی اثاثے منتقل کر رہا ہے۔ ان کے مطابق ایران بمباری سے تباہ ہونے والے میزائل لانچرز کو دوبارہ فعال کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ امریکا مزید طاقت کے ساتھ اپنی تیاری جاری رکھے ہوئے ہے۔
‎انہوں نے واضح کیا کہ امریکا کسی بھی صورت ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ ان کے مطابق ایران کی جانب سے تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں کنٹرول نہیں بلکہ بحری قزاقی کے مترادف ہیں۔
‎پیٹ ہیگستھ نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں ٹریفک پر امریکی بحریہ کا کنٹرول ہے اور جب تک ضرورت پڑی یہ ناکہ بندی برقرار رکھی جائے گی۔ انہوں نے دیگر ممالک کو بھی اس سلسلے میں تعاون کی دعوت دی۔
‎ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران جنگ بندی میں رہنے کا خواہاں دکھائی دیتا ہے، جبکہ ایران کی قیادت سے متعلق مختلف اطلاعات بھی سامنے آ رہی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایران ایسا معاہدہ کرے گا جو اس کے لیے قابل عمل ہو۔
‎ماہرین کے مطابق امریکا کے اس سخت بیان سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے اور سفارتی کوششوں پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔

More posts