نئی دہلی: بھارتی ریاست تامل ناڈو میں ایک پٹاخہ فیکٹری میں ہونے والے ہولناک دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 17 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دھماکہ ضلع وردھونگر میں قائم ایک فیکٹری میں پیش آیا، جہاں پٹاخے تیار کیے جاتے تھے۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ قریبی عمارتیں لرز اٹھیں اور آس پاس کھڑی کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
واقعے کے بعد فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی جو تیزی سے پھیل گئی۔ اطلاعات کے مطابق فیکٹری میں موجود پٹاخے یکے بعد دیگرے پھٹتے رہے جس کے باعث آگ پر قابو پانا مزید مشکل ہو گیا اور کئی مزدور اس کی لپیٹ میں آ گئے۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ، ریسکیو ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں بعض افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ریسکیو اہلکار آگ پر قابو پانے اور متاثرین کو نکالنے کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔
ابتدائی طور پر دھماکے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فیکٹری میں موجود آتش گیر مواد کے باعث آگ اور دھماکوں کی شدت میں اضافہ ہوا۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق اس نوعیت کی فیکٹریوں میں حفاظتی اقدامات کی کمی اکثر ایسے حادثات کا سبب بنتی ہے، جس کے باعث قیمتی جانیں ضائع ہوتی ہیں۔
تامل ناڈو میں پٹاخہ فیکٹری دھماکہ، کئی افراد ہلاک
