اسلام آباد: پاکستان میں ایران اور امریکا کے درمیان متوقع مذاکرات کے دوسرے دور کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں امریکی ایڈوانس سیکیورٹی ٹیم کے چھ خصوصی طیارے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ طیارے نور خان ایئر بیس پر لینڈ کیے گئے، جن کے ساتھ امریکی ٹیم ضروری لاجسٹک سامان اور متعدد گاڑیاں بھی ہمراہ لائی ہے۔ یہ سامان آئندہ ہونے والے مذاکرات کے دوران سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
اطلاعات کے مطابق ان خصوصی طیاروں کے ذریعے بلٹ پروف گاڑیاں اور ایمبولینسز بھی پاکستان منتقل کی گئی ہیں، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ متوقع امریکی وفد انہی گاڑیوں میں اپنی نقل و حرکت کرے گا، جبکہ سیکیورٹی کو انتہائی سخت رکھا جائے گا۔
یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا مرحلہ آئندہ ہفتے متوقع ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ ان کی ٹیم اسلام آباد روانہ ہو رہی ہے، جس سے ان مذاکرات کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق امریکی سیکیورٹی ٹیم کی پیشگی آمد اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ مذاکرات کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور پاکستان ایک بار پھر عالمی سطح پر اہم سفارتی کردار ادا کرنے جا رہا ہے۔
دوسری جانب حکام کی جانب سے سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے اور مذاکرات کا عمل بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل ہو۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں تو اس کے اثرات نہ صرف خطے بلکہ عالمی سیاست پر بھی مرتب ہوں گے۔
امریکی سیکیورٹی ٹیم کے 6 طیارے پاکستان پہنچ گئے
