چین کی معروف آرٹیفیشل انٹیلیجنس کمپنی ڈیپ سیک نے اپنے نئے اے آئی ماڈل ’ڈیپ سیک وی 4‘ متعارف کروانے کا اعلان کر دیا ہے، جسے ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ نیا ماڈل جدید خصوصیات سے لیس ہے اور اسے خاص طور پر چین کے تیار کردہ مقامی کمپیوٹر چپس پر بہتر کارکردگی کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس اقدام کو چین کی ٹیکنالوجی خودمختاری کی جانب ایک اہم قدم بھی سمجھا جا رہا ہے۔
کمپنی کے مطابق ڈیپ سیک وی 4 کی سب سے نمایاں خصوصیت اس کا الٹرا لانگ کانٹیکسٹ ہے، جس کے تحت یہ ایک وقت میں تقریباً 10 لاکھ الفاظ تک کی معلومات کو یاد رکھ کر ان کا تجزیہ کر سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ صلاحیت پیچیدہ مسائل کے حل اور بڑے ڈیٹا کو سمجھنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
یہ ماڈل دو مختلف ورژنز ’ڈیپ سیک وی 4 پرو‘ اور ’ڈیپ سیک وی 4 فلش‘ میں دستیاب ہوگا، جنہیں مختلف ضروریات کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔ اس میں ایک خصوصی میکسیمم ریزننگ موڈ بھی شامل کیا گیا ہے، جس کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ اوپن سورس اے آئی ماڈلز میں سب سے بہتر کارکردگی فراہم کرتا ہے۔
اگرچہ کمپنی نے ابھی اس کے تمام تکنیکی پہلوؤں کی تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ماڈل اے آئی کے شعبے میں مقابلے کو مزید تیز کرے گا، جہاں پہلے ہی گوگل اور دیگر بڑی کمپنیاں اپنے نئے ماڈلز متعارف کروا رہی ہیں۔
ڈیپ سیک کا نیا اے آئی ماڈل متعارف، ٹیکنالوجی میں بڑی پیشرفت
