ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں جہاں وہ اپنے مختصر دورے کے دوران اعلیٰ پاکستانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ اس دورے کو خطے میں جاری سفارتی سرگرمیوں کے تناظر میں نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور جاری کشیدگی پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔ اس کے علاوہ وہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کریں گے جہاں سفارتی تعاون اور ممکنہ مذاکراتی عمل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
عباس عراقچی اس سے قبل اپنے بیان میں کہہ چکے ہیں کہ پڑوسی ممالک ایران کی ترجیح ہیں اور اسی سلسلے میں وہ اسلام آباد، مسقط اور ماسکو کے دورے کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ان دوروں کا مقصد قریبی شراکت داروں کے ساتھ رابطہ کاری کو مضبوط بنانا اور علاقائی پیش رفت پر مشاورت کرنا ہے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اس وقت امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ مذاکرات میں ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے، جس کے باعث یہ دورہ خاص اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ امکان ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والی ملاقاتیں آئندہ سفارتی پیش رفت کی بنیاد بن سکتی ہیں۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس ترجمان نے بھی تصدیق کی ہے کہ امریکی وفد مذاکرات میں شرکت کے لیے پاکستان آئے گا۔ امریکی ٹیم میں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر شامل ہوں گے جو ہفتے کی صبح پاکستان پہنچیں گے۔
ایران کے وزیرخارجہ عباس عراقچی اسلام آباد پہنچ گئے
