ممبئی: معروف بھارتی اداکار اکشے کمار کی 13 سالہ بیٹی کو آن لائن گیم کھیلنے کے دوران ہراساں کرنے کے کیس میں پولیس نے بڑی پیش رفت کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ سال اکتوبر میں سامنے آیا تھا، جب اکشے کمار نے ایک تقریب کے دوران انکشاف کیا تھا کہ آن لائن گیم کھیلتے ہوئے ایک نامعلوم صارف نے ان کی بیٹی سے نازیبا تصاویر بھیجنے کا مطالبہ کیا۔ اداکار کے مطابق ان کی بیٹی نے فوری طور پر گیم بند کر کے اپنی والدہ کو اس واقعے سے آگاہ کیا۔
اکشے کمار نے اس موقع پر کہا تھا کہ اس طرح کے واقعات بچوں کو بلیک میلنگ اور سنگین جرائم کی طرف دھکیل سکتے ہیں، اس لیے والدین اور معاشرے کو ڈیجیٹل دنیا کے خطرات کے بارے میں زیادہ آگاہ ہونے کی ضرورت ہے۔واقعے کے بعد بھارتی سائبر سیل نے فوری طور پر تحقیقات کا آغاز کیا اور جدید تکنیکی ذرائع کی مدد سے ملزم کی شناخت کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا وہ دیگر بچوں کو بھی آن لائن ہراسانی کا نشانہ بناتا رہا ہے یا نہیں۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اکشے کمار کے اس انکشاف کے بعد یہ کیس تعلیمی اداروں میں سائبر سیکیورٹی اور آن لائن حفاظت سے متعلق آگاہی مہمات میں بھی شامل کیا جا رہا ہے، تاکہ طلبہ کو انٹرنیٹ کے محفوظ استعمال اور ممکنہ خطرات سے آگاہ کیا جا سکے۔
