Baaghi TV

ٹرمپ آج ایرانی تجاویز کا جائزہ لیں گے

‎امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج وائٹ ہاؤس کے سچویشن روم میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں ایران کی جانب سے پیش کی گئی جنگ بندی تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں کشیدگی برقرار ہے اور سفارتی کوششیں جاری ہیں۔
‎ذرائع کے مطابق ایرانی تجاویز امریکا کو پاکستانی ذرائع کے ذریعے موصول ہو چکی ہیں۔ ان تجاویز میں ایران نے ایٹمی ہتھیاروں کے معاملے پر بات چیت کو وقتی طور پر مؤخر کرنے اور آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے کی پیشکش کی ہے، جسے عالمی تجارت کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
‎یہ اجلاس وائٹ ہاؤس کے ویسٹ ونگ میں واقع انٹیلیجنس کمپلیکس کے گراؤنڈ فلور پر منعقد ہوگا، جہاں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی سے متعلق اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔ اجلاس میں ایران کے ساتھ ممکنہ سفارتی راستوں اور آئندہ حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔
‎رپورٹس کے مطابق امریکا نے ابھی تک ان تجاویز پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا اور مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے اس معاملے پر محتاط مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حساس سفارتی معاملات ہیں اور انہیں میڈیا کے ذریعے زیر بحث نہیں لایا جائے گا۔
‎تجزیہ کاروں کے مطابق اگر ان تجاویز پر پیش رفت ہوتی ہے تو اس سے نہ صرف خطے میں کشیدگی کم ہو سکتی ہے بلکہ عالمی توانائی کی منڈیوں پر بھی مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

More posts