Baaghi TV

ضلع اورکزئی میں طوفانی بارشیں، سیلابی ریلوں سے بڑے پیمانے پر تباہی

ضلع اورکزئی میں ہونے والی طوفانی بارشوں نے شدید تباہی مچا دی، مشتی میلہ کے مقام پر سیلابی ریلوں کے باعث درجنوں دکانیں اور مکانات بہہ گئے۔

مقامی افراد کے مطابق اچانک آنے والے تیز ریلے نے دیکھتے ہی دیکھتے بازار اور رہائشی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے لوگوں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ سیلابی پانی کے راستے میں آنے والی متعدد گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بھی بہہ گئیں، جبکہ کئی مقامات پر رابطہ سڑکیں متاثر ہوئیں۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

دوسری جانب پشاور، مالاکنڈ اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا تاہم بعض نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔لاہور میں تیز آندھی کے بعد ہونے والی بارش نے شہری نظام زندگی کو متاثر کیا، مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی اور ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی۔ادھر بہاولنگر اور گجرات سمیت پنجاب کے دیگر کئی علاقوں میں بھی بارش ہوئی، جس سے گرمی کی شدت میں کمی آ گئی، تاہم متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے۔

More posts