Baaghi TV

بنوں میں دہشت گردوں کا راکٹ حملہ، پولیس اہلکار شہید، شہری زخمی

kp police

بنوں: خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشت گردی کا ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں تھانہ منڈان کی حدود میں واقع چوکی فتح خیل کے قریب پولیس کی بُلٹ پروف گاڑی کو راکٹ حملے کا نشانہ بنایا گیا۔

پولیس کے مطابق یہ حملہ کنگر جان بہادر کے مقام پر کیا گیا، جس کے نتیجے میں پولیس گاڑی کے ڈرائیور راز علی شاہ جامِ شہادت نوش کر گئے۔ واقعے کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے اچانک حملہ کر کے فرار ہونے کی کوشش کی۔حملے میں ایک شہری بھی زخمی ہوا، جسے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمی کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور کومبنگ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کر کے حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔بنوں پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے اس واقعے میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

More posts