واٹس ایپ 2026 میں بڑی تبدیلیوں کے ساتھ سامنے آنے کی تیاری کر رہا ہے، جہاں اسے صرف میسجنگ ایپ کے بجائے ایک مکمل سوشل پلیٹ فارم میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی ایسے فیچرز متعارف کرانے جا رہی ہے جو صارفین کو زیادہ انٹرایکٹو اور جدید تجربہ فراہم کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق سب سے نمایاں فیچر یوزرنیم سسٹم ہوگا، جس کے ذریعے صارفین فون نمبر کے بغیر بھی ایک دوسرے سے رابطہ کر سکیں گے۔ یہ فیچر انسٹاگرام کی طرز پر کام کرے گا اور اس سے صارفین کی پرائیویسی میں اضافہ ہوگا جبکہ نئے لوگوں سے جڑنا بھی آسان ہو جائے گا۔
اس کے علاوہ واٹس ایپ کے اسٹیٹس فیچر کو بھی مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔ نئی اپڈیٹ میں صارفین اپنے اسٹیٹس میں میوزک شامل کر سکیں گے، اسٹیٹس کو لائیک کرنے کا آپشن ہوگا اور “ایڈ یوئرس” جیسے انٹرایکٹو فیچرز بھی شامل کیے جائیں گے، جو صارفین کے درمیان زیادہ مشغولیت پیدا کریں گے۔
رپورٹس کے مطابق “اباؤٹ” سیکشن کو بھی اپڈیٹ کیا جا رہا ہے، جہاں صارفین مختصر پیغامات شیئر کر سکیں گے جو 24 گھنٹے بعد خودکار طور پر ختم ہو جائیں گے۔
مزید برآں چیٹ تھیمز، اسٹیکرز تجاویز، چینل سبسکرپشن اور مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹولز بھی متعارف کروائے جا رہے ہیں، جن کے ذریعے صارفین تصاویر ایڈٹ کرنے اور پیغامات لکھنے میں آسانی محسوس کریں گے۔
ماہرین کے مطابق ان تبدیلیوں کے بعد واٹس ایپ نہ صرف رابطے کا ذریعہ رہے گا بلکہ ایک مکمل سوشل نیٹ ورک کے طور پر بھی ابھر سکتا ہے، جہاں صارفین کو مزید جدید اور دلچسپ سہولیات دستیاب ہوں گی۔
واٹس ایپ 2026 میں بڑی تبدیلیاں، ایپ سوشل پلیٹ فارم میں تبدیل
