کراچی: معرکہ حق میں کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر سندھ حکومت کے زیر اہتمام شہر قائد میں یادگاری تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو، سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، ارکان اسمبلی، اعلیٰ سول و عسکری حکام اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی،تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جبکہ قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔ تقریب میں معرکہ حق کی کامیابی سے متعلق دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق میں پاک فوج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، یہ دن پوری قوم کے لیے عید سے کم نہیں تھا پاکستان ایک مضبوط ملک ہے اور کوئی بھی اسے میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا،پاک فوج نے دنیا کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان ایک طاقتور ریاست ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا جبکہ شہید بینظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی کی بنیاد رکھی،بلاول بھٹو نے بھی عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور معرکہ حق کی کامیابی قوم کے لیے خوشی کا دن ہےمعرکہ حق کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے عالمی سطح پر پاکستان کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑا،بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کے دورے کے دوران کشمیر کے مسئلے کو مؤثر انداز میں اٹھایا اور عالمی برادری کو حقائق سے آگاہ کیا۔
شرجیل میمن کے مطابق بھارت کی حکمران جماعت نے بلاول بھٹو زرداری پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ان کے خلاف بیانات دیے اور غیر معمولی سیاسی تنقید کی،بھارتی میڈیا نے اس دوران منفی اور غلط رپورٹنگ کی جبکہ پاکستانی میڈیا نے ذمہ دارانہ اور مثبت کردار ادا کیابھارت کے بعض چینلز پر یہ تاثر دیا جاتا رہا کہ لاہور اور کراچی کو نقصان پہنچا ہے، جو سراسر غلط اور بے بنیاد تھا، پاکستانی فضائیہ نے معرکہ حق میں دشمن کو بھرپور جواب دیا اور پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیت کا واضح ثبوت دیا۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک سال قبل پاکستان نے بھارت کو بدترین شکست دی اور پاک فوج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیامعرکہ حق پاکستان کی تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے، جس میں پوری قوم نے مثالی اتحاد، جذبے اور عزم کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں ہر پاکستانی نے اپنا کردار بخوبی نبھایا، جبکہ افواج پاکستان نے میدان جنگ میں دشمن کو شکست دی، پاکستان کے سفارتکاروں نے بھی سفارتی محاذ پر بھرپور کردار ادا کیا اور دنیا کو مؤثر انداز میں پاکستان کا مؤقف پیش کیا، ہم نے دنیا کو واضح پیغام دیا کہ پاکستانی قوم جھکنے والی نہیں ہےیہ کامیابی پوری قوم کی یکجہتی کا نتیجہ ہے اور دنیا کو بتا دیا گیا کہ پاکستان ایک مضبوط ملک ہے۔
