پاکستان نے متحدہ عرب امارات میں واقع براکہ نیوکلیئر پاور پلانٹ پر ڈرون حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوہری تنصیبات کو دانستہ طور پر نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان برادر ملک متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے اور ایسی کارروائیوں کو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرناک سمجھتا ہے۔پاکستان نے اپنے بیان میں زور دیا کہ کسی بھی صورت حال میں جوہری تنصیبات کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے، کیونکہ اس نوعیت کی غیر ذمہ دارانہ کارروائیاں نہ صرف عالمی امن بلکہ ماحولیات اور انسانی سلامتی کے لیے بھی تباہ کن نتائج کا باعث بن سکتی ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ شہری جوہری انفراسٹرکچر کی حرمت ایک مسلمہ بین الاقوامی اصول ہے، جس کا احترام تمام ممالک اور فریقین پر لازم ہے۔پاکستان نے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا کہ وہ کشیدگی کم کرنے، زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے اور معاملات کو سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کریں۔پاکستان کے مطابق خطے میں پائیدار امن اور استحکام کا واحد راستہ مذاکرات، باہمی احترام اور سفارتی ذرائع کا مؤثر استعمال ہے۔
