شدید گرمی اور ہیٹ ویو سے پریشان شہریوں کیلئے خوشخبری سامنے آگئی، محکمہ موسمیات نے ملک میں نئے مغربی ہواؤں کے سسٹم کی آمد کی پیشگوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آندھی، جھکڑ اور بارش لانے والا نیا سسٹم کل پاکستان میں داخل ہوگا، جس کے باعث گرمی کی شدت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق کل سے 22 مئی کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز ہوائیں چلنے، گرد آلود آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہونے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے جبکہ شدید گرمی کا زور بھی ٹوٹ سکتا ہے۔
دوسری جانب آج بھی ملک کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کا شہر دادو 46 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ ملک کا گرم ترین علاقہ رہا۔
نواب شاہ اور جیکب آباد میں درجہ حرارت 45 ڈگری جبکہ سکھر اور رحیم یار خان میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح بہاولپور اور حیدرآباد میں پارہ 41 ڈگری تک پہنچ گیا۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ نئے مغربی سسٹم کے زیر اثر مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشیں اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم میں واضح تبدیلی آئے گی۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ آندھی اور گرج چمک کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں جبکہ غیر ضروری طور پر کھلے مقامات پر جانے سے گریز کریں۔
گرمی کی شدت ٹوٹنے لگی، بارشوں کا نیا سسٹم کل پاکستان میں داخل ہوگا
