ترکیہ کے شہر مرسین میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہو گئے۔
ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک مسلح شخص نے شہر کے مختلف مقامات پر اندھا دھند فائرنگ کی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس حکام کے مطابق حملہ آور نے پہلے ایک ریسٹورنٹ پر فائرنگ کی جہاں ریسٹورنٹ کا مالک اور ایک ملازم موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق ملزم فرار ہوتے ہوئے راستے میں ایک چرواہے اور ایک ٹرک ڈرائیور کو بھی گولی مار کر قتل کر دیا۔
فائرنگ کے مختلف واقعات میں 8 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
ترک پولیس نے ملزم کی گرفتاری کیلئے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ ہیلی کاپٹر کی مدد سے مختلف علاقوں کی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق شہر کے متعدد داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور حملہ آور کی تلاش جاری ہے۔
تاحال فائرنگ کے محرکات سامنے نہیں آ سکے جبکہ سکیورٹی ادارے واقعے کی مکمل تحقیقات کر رہے ہیں۔
ترکیہ کے شہر مرسین میں فائرنگ، 4 افراد ہلاک
