امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پولینڈ میں مزید پانچ ہزار امریکی فوجی تعینات کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جسے یورپ میں امریکا کی فوجی موجودگی کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے یہ فیصلہ پولینڈ کے صدر کے ساتھ اپنے قریبی اور دیرینہ تعلقات کی بنیاد پر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پولش صدر کو ذاتی طور پر پسند کرتے ہیں اور ماضی میں ان کی انتخابی مہم کی بھی حمایت کر چکے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا اور پولینڈ کے تعلقات مضبوط ہیں اور دونوں ممالک دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔
تاہم امریکی صدر نے اپنے بیان میں یہ واضح نہیں کیا کہ پولینڈ بھیجے جانے والے اضافی فوجی پہلے سے موجود فوجی منصوبے کا حصہ ہیں یا انہیں کسی نئی فوجی حکمت عملی اور آپریشن کے تحت تعینات کیا جا رہا ہے۔
سیاسی اور دفاعی مبصرین کے مطابق اس اعلان کو یورپ میں بڑھتی سیکیورٹی صورتحال اور نیٹو اتحادیوں کے ساتھ امریکی تعاون کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ پولینڈ پہلے ہی مشرقی یورپ میں امریکا کے اہم دفاعی اتحادیوں میں شمار ہوتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ روس اور یورپ کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث خطے میں امریکی فوجی موجودگی میں اضافہ عالمی سطح پر نئی بحث کو جنم دے سکتا ہے۔
ٹرمپ کا پولینڈ میں مزید 5 ہزار امریکی فوجی بھیجنے کا اعلان
