غزہ شہر کے جنوب مغربی علاقے میں اسرائیلی ڈرون حملے میں کم از کم چار فلسطینی شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ فلسطینی خبر رساں ایجنسی کے مطابق حملہ غزہ شہر کی الصناع اسٹریٹ پر واقع ایک دھاتی ورکشاپ کو نشانہ بنا کر کیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق حملے کے فوراً بعد علاقے میں شدید دھماکے کی آواز سنی گئی، جس کے بعد امدادی ٹیمیں اور طبی عملہ موقع پر پہنچ گیا۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیاں ایسے وقت میں بھی جاری ہیں جب اسرائیل اور حماس کے درمیان 10 اکتوبر 2025 کو جنگ بندی پر اتفاق ہو چکا تھا۔ اس کے باوجود مختلف علاقوں میں فضائی حملوں اور جھڑپوں کا سلسلہ ختم نہیں ہو سکا۔
رپورٹس کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 73 ہزار 221 فلسطینی شہید جبکہ 1 لاکھ 73 ہزار 643 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ جنگ بندی معاہدے کے بعد بھی تشدد جاری رہا، جس کے نتیجے میں اب تک کم از کم 1,098 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
غزہ میں جاری حملوں کے باعث انسانی بحران مزید سنگین ہو چکا ہے، جبکہ شہری آبادی کو خوراک، ادویات، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی ضروریات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ بین الاقوامی ادارے مسلسل جنگ بندی پر مکمل عملدرآمد اور شہریوں کے تحفظ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
غزہ شہر پر اسرائیلی ڈرون حملہ، 4 فلسطینی شہید، متعدد زخمی
