برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے مغربی علاقے ہیز (Hayes) میں اتوار کی صبح ہونے والے دوہرے چاقو حملے میں 24 سالہ خاتون جاں بحق جبکہ ایک نوجوان زخمی ہو گیا۔ پولیس نے واقعے کے کچھ ہی دیر بعد ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا۔
میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق ہنگامی سروسز کو صبح تقریباً 8 بجے اُکس برج روڈ پر واقع ایک رہائشی مکان میں چاقو حملے کی اطلاع موصول ہوئی۔ پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں تو 24 سالہ خاتون شدید زخمی حالت میں ملی، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئی۔
حکام کے مطابق ایک اور شخص، جس کی عمر بیس برس کے لگ بھگ بتائی جا رہی ہے، مکان کے باہر چاقو کے وار سے زخمی حالت میں ملا۔ اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، تاہم اس کی موجودہ حالت کے بارے میں تاحال کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے فوراً بعد قریبی علاقے میں مشتبہ شخص کی تلاش شروع کی گئی اور 44 سالہ ایک شخص کو حلیے کی بنیاد پر گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم پر قتل اور عوامی مقام پر دھار دار ہتھیار رکھنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
تحقیقات کے مطابق ملزم کو بھی زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس کی چوٹیں کھڑکی سے چھلانگ لگانے کے باعث آئیں۔
پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں، جبکہ قتل کی وجوہات اور متاثرین و ملزم کے باہمی تعلق سمیت مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
لندن میں دوہرے چاقو حملے میں 24 سالہ خاتون قتل
