Baaghi TV


ایرانی اعلیٰ وفد اہم مذاکرات کیلئے قطر پہنچ گیا

‎ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی اہم سفارتی اور علاقائی مذاکرات کے لیے قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچ گئے ہیں۔
‎خبر رساں اداروں رائٹرز اور اے ایف پی نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایرانی وفد قطر کے امیر اور وزیر اعظم سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کرے گا۔
‎رپورٹس کے مطابق ان مذاکرات میں خاص طور پر آبنائے ہرمز کی صورتحال، ایران کے افزودہ یورینیم کے ذخائر اور امریکا کے ساتھ جاری مذاکرات کے مختلف پہلو زیر بحث آئیں گے۔
‎ذرائع کے مطابق دوحہ میں ہونے والی ملاقاتوں کا مقصد خطے میں کشیدگی کم کرنا اور سفارتی پیشرفت کو آگے بڑھانا ہے۔
‎ایرانی ذرائع ابلاغ نے یہ بھی بتایا کہ ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ عبدالناصر ہمتی بھی قطر پہنچ چکے ہیں، جہاں وہ منجمد ایرانی اثاثوں کی بحالی اور اقتصادی مذاکراتی کمیشن سے متعلق امور پر بات چیت کریں گے۔
‎رپورٹس کے مطابق ایران امریکا مذاکرات میں تہران کی اہم ترجیحات میں اپنے منجمد مالی وسائل تک رسائی اور اقتصادی پابندیوں میں نرمی شامل ہے۔
‎یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں سفارتی سرگرمیوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے اور مختلف ممالک خطے میں بڑھتی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے رابطوں میں مصروف ہیں۔
‎گزشتہ ہفتے قطر کا ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ایران کا دورہ کر چکا ہے، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطوں میں مزید تیزی آ گئی ہے۔

More posts