بھارتی ریاست تامل ناڈو میں ایک طرف فلمی ہیرو تھلاپتی وجے نے اداکاری سے سیاست کا سفر طے کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا عہدہ سنبھال لیا ہے تو دوسری طرف ان کی فلموں کے ایک سین کو ایک نوجوان نے حقیقت میں بدل دیا۔
ریاست کے کوییمبتور ضلع میں ایک دل دکھانے والا واقعہ سامنے آیا ہے جس میں ایک نوجوان نے محبت کو ٹھکرا دینے پر لڑکی کے گھر پر پٹرول بم پھینک دیا۔ یہ واقعہ سی سی ٹی وی میں قید ہو گیا۔تفصیلات کچھ اس طرح ہیں کہ کوییمبتور کے تھونڈاموتھور علاقے میں پیش آنے والے اس واقعے میں ایک نوجوان کی دوستی ایک لڑکی سے ہوجاتی ہے۔ لڑکا لڑکی کو شادی کی پیشکش کرتا ہے مگر لڑکی صاف صاف انکار کر دیتی ہے جس سے وہ نوجوان بدلہ لینے کی ٹھان لیتا ہے۔
ناراض نوجوان اسکوٹر پر سوار ہو کر لڑکی کے گھر پہنچا، پٹرول بم پھینکا اور بھاگ نکلا۔ بم پھٹتے ہی شدید آگ بھڑک اٹھی، گھر کے پورچ اور باہر کھڑی اسکوٹر مکمل طور پر شعلوں کی زد میں آ گئے۔ آس پاس کے لوگوں نے فوری طور پر بالٹیوں میں پانی بھر کر آگ بجھانے کی کوشش کی اور بڑے سانحے کو روک لیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ نوجوان تیزی سے آتا ہے، بم پھینکتا ہے اور فرار ہو جاتا ہے۔ پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تفتیش جاری ہے۔ کوییمبتور پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور دیگر سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی چیک کی جا رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ وجے کی حکومت نے ریاست بھر میں قانون و نظم کی صورتحال پر نظر رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ یہ واقعہ تامل ناڈو کی موجودہ سیاسی فضا کی عکاسی کرتا ہے جہاں فلمی کردار اب حقیقی طاقت کے مرکز میں ہیں اور معاشرتی مسائل اب بھی حل طلب ہیں۔
