Baaghi TV


ایران نے امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کر دیا

ایرانی پاسدارانِ انقلاب گارڈز نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے امریکی ایم کیو نائن ڈرون مار گرایا جبکہ امریکی ایف 35 فائٹر جیٹ پر بھی فائرنگ کی گئی۔
ایرانی فوج کے ترجمان نے امریکی فوج کو جنگ بندی کی کسی بھی ممکنہ خلاف ورزی کے خلاف سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنے دفاع اور جواب دینے کے حق کو مکمل طور پر جائز اور حتمی سمجھتا ہے۔
‎ترجمان ایرانی فوج کا کہنا تھا کہ اگر امریکا کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی تو ایران بھرپور ردعمل دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
‎دوسری جانب امریکی سینٹرل کمان، سینٹ کام، نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی ایران میں فضائی کارروائیاں کی گئی ہیں۔
‎امریکی فوج کے مطابق ان حملوں میں ایران کی ڈرون لانچنگ تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جبکہ بارودی سرنگیں بچھانے والی ایرانی کشتیوں پر بھی حملے کیے گئے۔
‎سینٹ کام کا کہنا ہے کہ امریکی افواج جاری جنگ بندی کے دوران تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہیں تاہم امریکی فوج اپنے دفاع کیلئے ہر ضروری اقدام کرے گی۔
‎امریکی بیان میں کہا گیا ہے کہ بندرعباس کی صورتحال قابو میں ہے اور فی الحال تشویش کی کوئی بات نہیں۔
‎دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران ایسے بیانات خطے کی صورتحال کو مزید حساس بنا سکتے ہیں۔
‎ماہرین کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز اور خلیجی خطہ اس وقت عالمی سیاست اور توانائی کی منڈی کیلئے انتہائی اہم حیثیت رکھتا ہے، اس لیے کسی بھی فوجی کشیدگی کے عالمی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
‎ادھر خطے میں جنگ بندی برقرار رکھنے کیلئے سفارتی کوششیں بھی جاری ہیں جبکہ مختلف ممالک صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

More posts