Baaghi TV

نیویارک،نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی سفارتی سرگرمیاں،ملاقاتیں

نیویارک میں نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کی سفارتی سرگرمیاں جاری ہیں جہاں انہوں نے مختلف عالمی رہنماؤں اور وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کیں۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے برونو روڈریگیز پاریلا سے ملاقات کے دوران علاقائی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کیوبا کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی مفاد کے نئے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم نے 2005 کے تباہ کن زلزلے کے دوران کیوبا کی جانب سے پاکستان کو فراہم کی جانے والی امداد اور طبی معاونت کو سراہا، جبکہ کیوبا کے وزیرِ خارجہ نے قدرتی آفات کے دوران پاکستان کی جانب سے اظہارِ یکجہتی اور تعاون کو قابلِ قدر قرار دیا۔

دریں اثنا، اسحاق ڈار کی انتونیو گوتریس سے بھی ملاقات ہوئی جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کے فروغ پر گفتگو کی گئی۔ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات، جموں و کشمیر تنازع، افغانستان اور فلسطین سمیت متعدد اہم علاقائی و عالمی امور زیرِ بحث آئے۔ اس موقع پر انتونیو گوتریس نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے فعال کردار اور اقوامِ متحدہ کے ایجنڈے میں اس کی خدمات کو سراہا۔

علاوہ ازیں، نیویارک میں اسحاق ڈار نے عبداللطیف بن راشد الزیانی سے بھی ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بحرین کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کی توثیق کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا۔ملاقات میں علاقائی صورتحال اور اقوامِ متحدہ سمیت مختلف کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

More posts