Baaghi TV


بجٹ 2026-27 میں تنخواہ دار طبقے کیلئے ڈبل خوشخبری متوقع

KPK

‎وفاقی حکومت مالی سال 2026-27 کا بجٹ 5 جون کو قومی اسمبلی میں پیش کرے گی، جس میں تنخواہ دار طبقے اور سرکاری ملازمین کیلئے اہم ریلیف اقدامات متوقع ہیں۔
‎ذرائع کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے بجٹ اجلاس کیلئے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس طلب کرنے کی منظوری دے دی ہے جبکہ اقتصادی سروے 4 جون کو جاری کیا جائے گا۔
‎بجٹ پیش ہونے سے قبل وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس بھی 5 جون کو منعقد ہوگا جہاں بجٹ تجاویز کی حتمی منظوری دی جائے گی۔
‎ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں تقریباً 10 فیصد اضافے کی تجویز زیر غور ہے، جس سے لاکھوں ملازمین کو ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
‎اس کے علاوہ حکومت چار ایڈہاک الاؤنسز میں سے ایک کو بنیادی تنخواہ میں ضم کرنے کی تجویز پر بھی غور کر رہی ہے، جس سے مستقبل میں پنشن اور دیگر مالی مراعات پر مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
‎تنخواہ دار طبقے کیلئے دوسری بڑی خوشخبری ممکنہ ٹیکس ریلیف کی صورت میں سامنے آ سکتی ہے۔
‎ذرائع کے مطابق ماہانہ ایک لاکھ سے دو لاکھ روپے آمدن رکھنے والے افراد کو ٹیکس میں رعایت دینے کی تجویز زیر غور ہے۔
‎اسی طرح سالانہ 12 لاکھ سے 22 لاکھ روپے آمدن والے ملازمین کیلئے انکم ٹیکس کی شرح میں کمی کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
‎اقتصادی ماہرین کے مطابق اگر تنخواہوں میں اضافہ اور ٹیکس ریلیف دونوں اقدامات شامل کیے گئے تو مہنگائی سے متاثر متوسط طبقے کو کچھ حد تک مالی سہارا مل سکتا ہے۔
‎دوسری جانب پنشنرز کیلئے بھی مختلف تجاویز زیر غور ہیں تاکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔

More posts