Baaghi TV

یومِ انسدادِ تمباکو کے موقع پر صدرِ مملکت کا پیغام جاری

president

یومِ انسدادِ تمباکو کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنا پیغام جاری کیا ہے-

یومِ انسدادِ تمباکو کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ملک میں تمباکو اور نیکوٹین مصنوعات کے نقصانات سے عوام کو بچانے کے لیے سخت قانون سازی اور مؤثر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا ہے تمباکو عالمی سطح پر ایک سنگین صحت اور معاشی مسئلہ بن چکا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے فوری اور جامع اقدامات ناگزیر ہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے یومِ انسدادِ تمباکو کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ تمباکو دنیا بھر سمیت پاکستان میں صحت عامہ کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے، جو ہر سال لاکھوں قیمتی جانوں کے ضیاع کا باعث بنتا ہے،انہوں نے عالمی ادارہ صحت کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ تمباکو کے استعمال سے دنیا بھر میں سالانہ 7 ملین سے زائد اموات واقع ہوتی ہیں، جن میں تقریباً 1.6 ملین اموات غیر فعال دھوئیں (سیکنڈ ہینڈ اسموک) کے باعث ہوتی ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ نوجوان نسل خاص طور پر اس صنعت کے نشانے پر ہے، جہاں ای سگریٹس، ویپنگ ڈیوائسز اور نیکوٹین پاؤچز جیسے جدید ذرائع کے ذریعے لت پیدا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، انہوں نے خبردار کیا کہ کم عمری میں نیکوٹین کا استعمال مستقبل میں مستقل انحصار اور سنگین صحت مسائل کا سبب بن سکتا ہے سگریٹ نوشی کے ساتھ ساتھ ای سگریٹس اور دیگر نیکوٹین مصنوعات بھی عوامی صحت کے لیےبڑھتا ہوا خطرہ ہیں، جبکہ بعض افراد میں مختلف نشہ آور اشیا کے مشترکہ استعمال کے رجحانات مزید تشویشناک ہیں۔

صدر زرداری نے زور دیا کہ حکومت، پارلیمان اور صوبائی اسمبلیوں کو مل کر ایسے قوانین بنانے چاہییں جو عوام کو تمباکو کے نقصانات سے محفوظ رکھ سکیں، اور ان پر مؤثر عملدرآمد بھی یقینی بنایا جائے،“مرچنٹس آف ڈیتھ” کے اثر و رسوخ کو روکنا قومی ذمہ داری ہے،والدین، اساتذہ، طبی ماہرین، فنکار وں اور سماجی رہنما ؤں سمیت معاشرے کے تمام طبقات کو آگاہی پھیلانے اور نوجوانوں کو تمباکو سے دور رکھنے میں کردار ادا کرنا ہوگا،گھریلو اور معاشرتی سطح پر شعور اجاگر کرنے سے عوامی صحت کے نظام میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

More posts