رومبور (فتح اللہ): وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا، سیکرٹری جنگلات و ماحولیات اور ڈی ایف او چترال کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں سب ڈویژن چترال کے رومبور بلاک میں جنگلاتی آگ (فاریسٹ فائر) سے بچاؤ اور عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے ایک جامع آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا۔
آگاہی مہم کے دوران رومبور بلاک کے فاریسٹ اسٹاف نے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے مقامی آبادی، طلبہ، سیاحوں، راہ گیروں اور دیگر متعلقہ افراد کو جنگلاتی آگ کے اسباب، نقصانات اور احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا۔ اس سلسلے میں سکولوں میں خصوصی پروگرامز منعقد کیے گئے جبکہ مقامی تھانے میں بھی آگاہی سیشن کا اہتمام کیا گیا۔فاریسٹ حکام نے عوام پر زور دیا کہ جنگلاتی علاقوں میں آگ جلانے، سگریٹ کے ٹکڑے پھینکنے اور دیگر ایسے اقدامات سے گریز کریں جو جنگلاتی آگ کا سبب بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات قومی اثاثہ ہیں اور ان کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
مہم کے دوران شہریوں سے اپیل کی گئی کہ جنگلاتی آگ کی کسی بھی اطلاع یا مشتبہ سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر محکمہ جنگلات یا متعلقہ حکام کو مطلع کریں تاکہ قیمتی جنگلات، جنگلی حیات اور ماحول کو نقصان سے بچایا جا سکے۔عوامی سطح پر اس آگاہی مہم کو خوب سراہا گیا۔ مقامی افراد نے جنگلات کے تحفظ اور فاریسٹ فائر کی روک تھام کے لیے محکمہ جنگلات کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کا شکریہ ادا کیا اور اس نوعیت کی آگاہی سرگرمیوں کو مستقبل میں بھی جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
