Baaghi TV

خیبرپختونخوا میں 56 ارب روپے کے 41 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

‎خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں ترقیاتی عمل کو مزید تیز کرنے کے لیے 56 ارب روپے سے زائد لاگت کے 41 اہم منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔ صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے 21ویں اجلاس میں مختلف شعبوں سے متعلق منصوبوں کی منظوری دی گئی، جن کا مقصد عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور صوبے کی معاشی و سماجی ترقی کو فروغ دینا ہے۔
‎اجلاس میں صحت، تعلیم، توانائی، مواصلات، آبپاشی، کھیلوں اور ڈیجیٹل گورننس سمیت متعدد شعبوں کے منصوبے شامل تھے۔ حکام کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایت پر بنوں، ہزارہ، ملاکنڈ اور مردان ڈویژنز میں رابطہ سڑکوں کی تعمیر اور بحالی کے منصوبوں کو ترجیح دی گئی ہے۔ ان منصوبوں کے تحت نئی بلیک ٹاپ سڑکیں تعمیر کی جائیں گی جبکہ مختصر راستوں اور متبادل شاہراہوں کی تعمیر سے ٹریفک کے دباؤ میں کمی اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ متوقع ہے۔
‎صحت کے شعبے میں ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں مدر اینڈ چائلڈ اسپتال اور سوات کے علاقے کبل میں پیڈز اسپتال کے قیام کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ ضم شدہ اضلاع میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے 100 ماہر ڈاکٹروں اور طبی عملے کی تعیناتی کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ محکمہ صحت میں نگرانی کے مؤثر نظام کے لیے انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ قائم کیا جائے گا۔
‎سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لیے وسطی اور جنوبی اضلاع میں فلڈ پروٹیکشن منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے۔ کوہاٹ میں سماری پایان ڈیم کی تعمیر، کرم اور اورکزئی کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی کشادگی اور بحالی جبکہ جنوبی وزیرستان میں اہم شاہراہوں کی بہتری کے منصوبے بھی منظور کیے گئے ہیں۔
‎توانائی کے شعبے میں بینک آف خیبر کے تعاون سے سولر ہوم سسٹم منصوبے کے پہلے اور دوسرے مرحلے کی منظوری دی گئی، جس سے دور دراز علاقوں میں بجلی کی فراہمی میں بہتری آنے کی توقع ہے۔ اس کے ساتھ جنوبی وزیرستان اور کرم میں پن بجلی کے منصوبے بھی منظور کیے گئے ہیں۔
‎تعلیم کے شعبے میں سوات میں زرعی یونیورسٹی کے قیام کی منظوری دی گئی جبکہ کھیلوں کے فروغ کے لیے حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس اور قیوم اسٹیڈیم کے فٹبال گراؤنڈ کی اپ گریڈیشن کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ مزید برآں بے روزگار وٹرنری گریجویٹس کو موٹر سائیکلوں کی فراہمی، خیبرپختونخوا ڈیجیٹل گورننس منصوبہ، ملاکنڈ میں جبن درگئی عوامی پارک اور جانی خیل ٹی ایس ڈی وزیر کے لیے مربوط ترقیاتی پیکج کی منظوری بھی اجلاس میں دی گئی۔

More posts