Baaghi TV


محسن نقوی اہم پیغام لے کر تہران پہنچ گئے

‎وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ ایرانی قیادت کے ساتھ اہم ملاقاتیں کریں گے۔ ذرائع کے مطابق ان کے دورے کا مقصد دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی اور دیگر اہم امور پر مشاورت کرنا ہے۔
‎عرب میڈیا کے حوالے سے سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان منجمد ایرانی اثاثوں کے معاملے میں کچھ پیشرفت ہوئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تہران میں ہونے والی ملاقاتوں کے دوران ایک ممکنہ مفاہمتی یادداشت اور اس سے متعلق پیش رفت کے مختلف پہلوؤں پر بھی بات چیت متوقع ہے۔
‎اطلاعات کے مطابق ایرانی منجمد فنڈز کے اجرا کے معاملے پر ابھی بھی بعض اختلافات موجود ہیں، جن میں فنڈز کے حجم اور ان کے اجراء کے وقت سے متعلق نکات شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق مختلف فریقین ان معاملات پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
‎ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ثالثی کردار ادا کرنے والے حلقوں کو آگاہ کیا ہے کہ مذاکرات کا عمل غیر معینہ مدت تک جاری نہیں رکھا جائے گا اور اس حوالے سے محدود وقت کی بات کی گئی ہے۔ تاہم اس بارے میں باضابطہ سطح پر کوئی تفصیلی بیان سامنے نہیں آیا۔
‎رپورٹس کے مطابق محسن نقوی ایران کے سپریم لیڈر کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خصوصی پیغام بھی ساتھ لے کر گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی وزیر داخلہ کو دورے سے قبل اہم ہدایات دی تھیں تاکہ علاقائی صورتحال اور باہمی تعلقات سے متعلق امور پر مؤثر انداز میں بات چیت کی جا سکے۔
‎یاد رہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران محسن نقوی نے ایرانی حکام سے متعدد ملاقاتیں کی ہیں۔ انہوں نے ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے بھی ملاقات کی، جس میں علاقائی سلامتی، سرحدی تعاون اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
‎تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان اور ایران کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطے خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔ دونوں ممالک علاقائی استحکام، سیکیورٹی تعاون اور سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔

More posts