بلوچستان کے ضلع خضدار میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ بارودی مواد سے بھری دو گاڑیوں کو تباہ کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشن دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کیا گیا، جس کا مقصد علاقے میں ممکنہ دہشت گردی کی بڑی کارروائی کو ناکام بنانا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے زیر استعمال بارودی مواد سے بھری دو گاڑیوں کا بروقت سراغ لگایا۔ فورسز نے فوری اور مؤثر حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے دونوں گاڑیوں کو موقع پر ہی تباہ کر دیا، جس کے نتیجے میں گاڑیوں کو آپریٹ کرنے والے چار دہشت گرد مارے گئے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے دہشت گردوں کا تعلق "فتنہ الہندوستان” سے تھا اور وہ مبینہ طور پر بھارت کی سرپرستی میں سرگرم تھے۔ بیان میں کہا گیا کہ بروقت کارروائی کے باعث ایک بڑی دہشت گردی کی کوشش کو ناکام بنایا گیا اور قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد کو گرفتار یا ہلاک کیا جا سکے اور علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنایا جا سکے۔
بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور قومی سلامتی کو درپیش ہر خطرے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ فورسز نے واضح کیا کہ دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی تاکہ ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
خضدار میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 4 دہشت گرد ہلاک
