Baaghi TV


کراچی میں جعلی دستاویزات پر پاسپورٹ بنانے والا نیٹ ورک بے نقاب

passport

‎وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ نے کراچی میں ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات کے ذریعے افغان شہریوں کے لیے پاکستانی پاسپورٹ بنوانے والے مبینہ نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا۔ کارروائی کے دوران دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔
‎تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کی ٹیم نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر شارع فیصل پر عوامی مرکز کے قریب واقع پاسپورٹ آفس میں اچانک چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران ریکارڈ کی تفصیلی جانچ پڑتال کی گئی جس میں متعدد مشتبہ کیسز سامنے آئے۔
‎حکام کے مطابق چھاپے کے دوران 70 سے زائد ایسے مشتبہ افراد کی دستاویزات برآمد ہوئیں جن کے بارے میں شبہ ہے کہ ان کی بنیاد پر غیر ملکی شہریوں کے لیے پاکستانی پاسپورٹ حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ان افراد کا تعلق افغانستان سے بتایا جا رہا ہے، تاہم تمام معاملات کی مزید چھان بین جاری ہے۔
‎ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان سے نیٹ ورک کے دیگر ارکان، سہولت کاروں اور ممکنہ سرکاری معاونت کے بارے میں معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
‎تحقیقاتی ادارے کے مطابق نیٹ ورک میں شامل ممکنہ ایجنٹوں اور سرکاری ملازمین کی نشاندہی کے لیے بھی تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں مختلف مقامات پر مزید چھاپے مارے جا رہے ہیں تاکہ جعلی دستاویزات اور غیر قانونی پاسپورٹ سازی کے پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جا سکے۔
‎ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ قومی شناختی اور سفری دستاویزات کے نظام کو محفوظ بنانا ریاستی سلامتی کے لیے انتہائی اہم ہے۔ جعلی دستاویزات کے ذریعے پاکستانی پاسپورٹ حاصل کرنے کی کوشش نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ قومی سلامتی کے لیے بھی خطرات پیدا کر سکتی ہے۔

More posts