Baaghi TV

شمالی وزیرستان،سیکورٹی فورسز کی کاروائی،فتنۃ الخوارج کے 21 دہشتگردجہنم واصل

دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کا مشن، سیکیورٹی فورسز کی شمالی وزیرستان میں بڑی کارروائیاں،میران شاہ میں 21 دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا گیا، ہلاک ہونے والوں میں 4 خارجی کمانڈر بھی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں خارجیوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ اور ملحقہ علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں۔ترجمان کے مطابق شمالی وزیرستان میں خارجیوں کے نیٹ ورک کیلئے بڑا دھچکا، مارے گئے خارجی کمانڈرز تخریب کاری کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔سکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس بنیادوں پر جاری آپریشنز کے تسلسل میں خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ اور اس کے گرد و نواح میں خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد گزشتہ بہتر گھنٹوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مزید 21 خوارج ہلاک کر دیے گئے، جن میں چار اہم خوارجی سرغنہ بھی شامل ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں خوارجی خالد رضا عرف سالار، خوارجی مفتون، خوارجی موسیٰ اور خوارجی عمران عرف ایان شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں کے نتیجے میں علاقے میں سرگرم خوارج کے نیٹ ورک کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔ ہلاک ہونے والے خوارجی سرغنہ سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور بے گناہ شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں مطلوب تھے۔ ان انتہائی مہارت اور درستگی کے ساتھ کی گئی کارروائیوں میں اب تک مجموعی طور پر 48 خوارج ہلاک کیے جا چکے ہیں۔ہلاک کیے گئے بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ یہ عناصر متعدد دہشت گرد سرگرمیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث رہے تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں چھپے ہوئے باقی ماندہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری رہیں گے۔ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ’’عزمِ استحکام‘‘ وژن کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور معاونت سے چلنے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

More posts