سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع مستونگ کے علاقے کانغر سے تعلق رکھنے والا فتنہ الہندوستان کا اہم کمانڈر سفر خان لکپاس کے مقام پر سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں ہلاک ہوگیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والا تخریب کار فتنہ الہند کے آپریشن "ہیروف 2” میں مرکزی کردار کا حامل تھا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے۔سفر خان پر بلوچ عوام اور کاروباری شخصیات کی گاڑیوں اور سامان کی لوٹ مار، املاک کو نذرِ آتش کرنے، بھتہ خوری، شاہراہوں کی بندش اور دیگر تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے الزامات تھے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سفر خان نوشکی اور مستونگ کے علاقوں میں فتنہ الہندوستان کا مقامی کمانڈر تھا اور مختلف دہشت گرد نیٹ ورکس کی سرگرمیوں کی نگرانی کرتا تھا۔
ذرائع نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور بلوچستان میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
