مردان کے علاقے بابو محلہ، خواجہ گنج بازار میں واقع گردوارہ میں جائیداد کے تنازع پر مبینہ فائرنگ کے نتیجے میں 70 سالہ سکھ بزرگ جاگ ناتھ اور ان کی اہلیہ جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی اور جائیداد کے معاملے پر پیش آیا، جہاں ملزمان نے فائرنگ کرکے میاں بیوی کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں دونوں موقع پر ہی دم توڑ گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے اور مقامی سکھ برادری میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
مزید تفتیش کے بعد واقعے کی وجوہات اور ذمہ داران کے حوالے سے تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔
