ہر سال 14 جون کو ورلڈ بلڈ ڈونر ڈے منایا جاتا ہے اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب Red crecent( انجمن ہلال احمر ) کے لاہور آفس یعنی ایک بہت خوبصورت اور قدیم عمارت میں منعقد کی گئی اس کامیاب تقریب کا سہرا ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر فوزیہ سعید کے سر ہے جو بہت مخلص اور فرض شناس آفیسر ہیں مختلف کالجز اور اداروں میں جاکر بلڈ کیمپ لگانا خون اکھٹا کرنا پھر تمام انتظامات دیکھنا کوئی آسان کام نہیں وہ اپنی ٹیم کے ساتھ یہ کام بخوبی انجام دے رہی ہیں تھلیسمیا میں مبتلا بچوں کی اور ان کے والدین کی دعائیں سمیٹتی ہیں اس تقریب کی کامیابی کے لئے انہوں نے بہت محنت کی تھی
یہ بھر پور تقریب تھی مہمان خصوصی ڈاکٹر شبنم بشیر صاحبہ وائس پرنسپل فاطمہ جناح میڈیکل کالج تھیں گیسٹ سپیکرز میں ڈاکٹر ماریہ خان ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی، شعیب مرزا صاحب ایڈیٹر پھول، ڈاکٹر نورالدین چیف ایگزیکٹو فینکس فاونڈیشن شامل تھے ،تقریب میں باقاعدہ خون کا عطیہ دینے والے ڈونررز جن میں کالجز اور کمپنیز کے نمائندگان شامل تھے انہیں گولڈ میڈلز دئیے گئے کچھ رائٹرز جنہوں نے کسی نہ کسی حوالے سے تھلیسمیا کے مسائل اپنی تحریروں اور انٹرویوز وغیرہ کے ذریعے اجاگر کئے انہیں بھی گولڈ میڈل دیئے گئے جن میں ہم بھی شامل تھے ۔طالبات اور والنٹیر ز کو سرٹیفیکیٹس دے کر حوصلہ افزائی کی گئی، تقریب میں تھلیسمیا میں مبتلا بچے بھی شامل تھے ایک بچے علی سفیان نے سورہ رحمان کی تلاوت سے تقریب کا آغاز کیا تھا اور اس کے بعد ایک بچی مریم حنیف نے ہدیہ نعت پیش کیا ایک اور بچہ عبداللہ بھی شامل تھا تقریب کے بعد ہم نے اس وارڈ کا وزٹ کیا جہاں انہیں خون لگایا جا رہا تھا دل افسردہ ہوگیا لیکن بظاہر ان بچوں کو دیکھ کر لگتا نہیں تھا کہ یہ زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں لگتا تھا کہ ان کی اچھی دیکھ بھال ہو رہی ہے اس کا کریڈٹ انجمن ہلال احمر کے آفس میں موجود تمام ڈاکٹرز اور عملے کو جاتا ہے اس پروگرام میں شرکت سے یہ بات سامنے آئی کہ ڈاکٹرز اس بات پر متفق ہیں کہ خون کا عطیہ دینے سے کوئی نقصان نہیں پہنچتا خون دوبارہ جلد ہی بن جاتا ہے اس لیے صحت مند افراد کو خون کا عطیہ دینا چاہیے تاکہ ان بچوں کو آسا نی ہو جو اپنی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ فوزیہ سعید صاحبہ ہر چار مہینے بعد خون کا عطیہ دیتی ہیں وہ 54 بار خون دے چکی ہیں
خون دے کے نکھاریں گے رخ برگ گلاب
ہم نے گلشن کے تحفظ کی قسم کھائی ہے
تحریر: سیدہ عطرت بتول نقوی
