وزارت اطلاعات ونشریات نے کہا ہے کہ افغان حکومت کی جانب سے کے پی اوربلوچستان میں مبینہ داعش کیمپس کو ڈرونز سےنشانہ بنانےکا پروپیگنڈا سامنے آیا ہے۔
وزارت اطلاعات کے مطابق افغان طالبان حکومت اپنے پروپیگنڈا ذرائع اور سرکاری بیانات کے ذریعے دعویٰ کررہی ہے اور یہ دعویٰ ہمیشہ کی طرح غلط ہے۔وزارت کے مطابق داعش سمیت درجنوں دہشتگرد تنظیموں کےکیمپس افغان حکومت کے زیرِکنٹرول علاقوں میں ہیں، ان کیمپس سے دہشتگرد تنظیموں کو چلایا اور معاونت فراہم کی جاتی ہے، اپنی سرپرستی میں دہشتگردی کو چھپانے کے لیے طالبان حکومت جھوٹے گمراہ کن بیانات دیتی ہے۔وزارت اطلاعات کے مطابق طالبان حکومت کا ایک کم درجےکا ڈرون شِنکو خیبر کےقریب پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا، اسےفوری شناخت کرکے پاک فضائیہ کے چوکنا فضائی دفاعی نظام نے کامیابی سے ناکارہ بنا دیا، سچ ہمیشہ جھوٹ پر غالب آتا ہے۔
