Baaghi TV


کورنگی میں شہری کی بہادری، مسلح ڈاکوؤں کی ڈکیتی کی کوشش ناکام

‎کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی زمان ٹاؤن میں ایک شہری کی حاضر دماغی اور بہادری نے مسلح ڈاکوؤں کی ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے، جس میں ڈاکوؤں کو فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
‎پولیس کے مطابق واقعہ کورنگی ڈھائی نمبر کے قریب پیش آیا، جہاں تین موٹر سائیکلوں پر سوار چھ مسلح ملزمان ایک دکان میں داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر لوٹ مار شروع کر دی۔
‎اسی دوران قریبی مکان میں موجود ایک شہری نے ڈاکوؤں کی کارروائی دیکھتے ہی فوری ردعمل دیا اور ان پر فائرنگ کر دی۔ اچانک مزاحمت کا سامنا ہونے پر ڈاکو گھبرا گئے اور اپنی جان بچانے کے لیے موقع سے فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
‎ذرائع کے مطابق فرار کے دوران ملزمان اپنی موٹر سائیکلیں بھی موقع پر چھوڑ گئے اور پیدل ہی مختلف سمتوں میں بھاگ نکلے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔
‎پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے فرار ہونے والے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔
‎قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

More posts