Baaghi TV

امریکی ریاست میری لینڈ میں طیارہ حادثہ، پائلٹ سمیت 3 اسرائیلی ہلاک

امریکا کی ریاست میری لینڈ میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ سمیت 3 افراد ہلاک ہو گئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے پائلٹ اور دونوں مسافر اسرائیلی شہری تھے۔ یہ حادثہ دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی سے چند کلومیٹر مشرق میں پیش آیا۔رپورٹس کے مطابق طیارہ ایک تربیتی پرواز پر تھا جب اسے حادثہ پیش آیا۔ تاہم حادثے کی حتمی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ انہیں حادثے کی اطلاع مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے گیارہ بجے موصول ہوئی، جس کے بعد امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق تباہ ہونے والا طیارہ ایک مقامی فلائٹ اسکول کی ملکیت تھا اور غالب امکان ہے کہ حادثے کے وقت اسے تربیتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ماہرین طیارے کے ملبے اور دیگر شواہد کا جائزہ لے کر حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

More posts