لندن: ایف آئی ایچ پرو لیگ میں پاکستان کے قومی پرچم کی غلط نمائش پر انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (FIH) نے پاکستان ہاکی فیڈریشن (PHF) سے باضابطہ تحریری معذرت کر لی ہے۔
ایف آئی ایچ پرو لیگ کی ڈائریکٹر ہیلری اٹکنسن نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کے نام خط میں غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے اس واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔
یہ واقعہ لندن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایف آئی ایچ پرو لیگ کے میچ سے قبل قومی ترانوں کی تقریب کے دوران پیش آیا تھا، جہاں پاکستان کے قومی پرچم میں سفید رنگ کا حصہ موجود نہیں تھا، جس پر پاکستانی شائقین نے شدید ردعمل دیا تھا۔
اپنے خط میں ہیلری اٹکنسن نے کہا کہ ہر ملک کا قومی پرچم اس کی شناخت، وقار اور قومی فخر کی علامت ہوتا ہے، اور اس غلطی سے پاکستان ہاکی ٹیم، پاکستان ہاکی فیڈریشن، پاکستانی شائقین اور پوری پاکستانی قوم کی دل آزاری ہوئی، جس پر ایف آئی ایچ کو دلی افسوس ہے۔
انہوں نے اس انتظامی غلطی کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ ایک غیر ارادی کوتاہی تھی، جس کا مقصد کسی بھی ملک یا اس کی قومی شناخت کی بے توقیری ہرگز نہیں تھا۔
ایف آئی ایچ پرو لیگ کی ڈائریکٹر نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کے لیے تمام انتظامی اور آپریشنل طریقہ کار کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا تاکہ کسی بھی ٹیم کے قومی تشخص اور وقار سے متعلق اس نوعیت کی غلطی دوبارہ نہ ہو۔
واضح رہے کہ اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر پاکستانی صارفین نے ایف آئی ایچ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور باضابطہ معذرت کا مطالبہ کیا تھا، جس کے بعد فیڈریشن نے تحریری طور پر اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے معافی جاری کی۔
پاکستان کے غلط پرچم کی نمائش پر ایف آئی ایچ کی باضابطہ معذرت
