Baaghi TV

معطل خاتون تحصیل دار کے گھر سے کروڑوں روپے نقد، ہیرے اور سونا برآمد

بھارت کے شہر حیدرآباد میں تعینات معطل تحصیل دار اور جوائنٹ سب رجسٹرار تھمَاکما سچریتا ایک بڑے مالیاتی اسکینڈل میں گھِر گئی ہیں۔

انسدادِ بدعنوانی بیورو (اینٹی کرپشن بیورو) نے ان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کے الزام میں مقدمہ درج کرتے ہوئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے، جہاں سے 5.05 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اثاثے برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تھمَاکما سچریتا پہلے ہی 30 لاکھ روپے رشوت لینے کے ایک مقدمے میں گرفتار ہو چکی ہیں اور اس وقت پولیس کی تحویل میں ہیں۔ تازہ کارروائی میں اینٹی کرپشن بیورو نے ان کی رہائش گاہ کے علاوہ ان کے قریبی رشتہ داروں اور مبینہ طور پر ان سے منسلک دیگر مقامات کی بھی تلاشی لی۔حکام کے مطابق چھاپوں کے دوران 2.17 ایکڑ زرعی زمین، حیدرآباد میں 3 فلیٹس، 2 رہائشی پلاٹس، ایک ووکس ویگن گاڑی، ایک ہنڈائی کریٹا، تقریباً 1.2 کروڑ روپے مالیت کے سونے اور ہیرے کے زیورات، 12 لاکھ روپے نقد رقم اور بینک اکاؤنٹس میں موجود 38 لاکھ روپے کی نشاندہی کی گئی۔

انسدادِ بدعنوانی بیورو کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق خاتون افسر نے سرکاری ملازمت کے دوران اپنی معلوم آمدن سے کہیں زیادہ مالیت کے اثاثے جمع کیے، جس پر ان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والے اثاثوں کی مالیت اور ذرائع آمدن کا مزید جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ کیس کے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں۔ اگر تحقیقات میں مزید شواہد سامنے آئے تو مقدمے میں نئی دفعات بھی شامل کی جا سکتی ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق اینٹی کرپشن بیورو اس بات کا بھی جائزہ لے رہا ہے کہ آیا مذکورہ جائیدادیں اور دیگر اثاثے کسی اور کے نام پر خریدے گئے تھے یا نہیں، تاکہ مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے مکمل نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جا سکے۔

More posts