ایران کے خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیلی فوجی طیارے پڑوسی ممالک کی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے ایران کی جانب پیش قدمی کرتے ہیں تو انہیں ایران کی قومی سلامتی کے لیے براہِ راست خطرہ تصور کیا جائے گا۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق جمعے کو جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایسے اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرناک ہیں اور ایران انہیں اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے خلاف کارروائی تصور کرتا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران کو بین الاقوامی قوانین کے تحت اپنی سرحدوں اور سلامتی کے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے، لہٰذا اگر اس نوعیت کی کوئی کارروائی کی گئی تو تہران مناسب اور مؤثر جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر نے اپنے بیان میں امریکا کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر واشنگٹن اسرائیلی کارروائیوں کو روکنے یا ان پر مؤثر کنٹرول قائم کرنے میں ناکام رہتا ہے تو ایران اپنی سلامتی کو درپیش کسی بھی خطرے کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ایران اپنے خلاف کسی بھی قسم کے خطرے یا جارحانہ اقدام کو نظر انداز نہیں کرے گا اور ایسے اقدامات کا جواب دینا اپنا قانونی اور جائز حق سمجھتا ہے۔
