Baaghi TV

سپر ہٹ فلم ’جب وی میٹ‘ دراصل شاہد کپور کی وجہ سے بنی

showbiz

بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار امتیاز علی نے انکشاف کیا ہے کہ میری سپر ہٹ فلم ’جب وی میٹ‘ دراصل شاہد کپور کی وجہ سے بن سکی۔

بھارتی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں امتیاز علی نے بتایا کہ ابتدا میں بوبی دیول کے ساتھ یہ فلم بنانے کا ارادہ رکھتا تھا، تاہم منصوبہ آگے نہ بڑھ سکاانہوں نے کہا کہ سچ پوچھیں تو جب وی میٹ شاہد کی وجہ سے بنی، میں ان سے کسی اور فلم کے سلسلے میں ملا تھا، اس وقت ہم جب وی میٹ نہیں بنا رہے تھے، ملاقات کے دوران شاہد کپور نے مجھ سے پوچھا کہ کیا میرے پاس ایسی کوئی کہانی ہے جس میں ایک لڑکا اور لڑکی ٹرین میں ملتے ہوں۔

ہدایت کار نے بتایا کہ میں نے شاہد کو کہا کہ ایسی ایک کہانی تو ہے، لیکن وہ میں بوبی دیول کے ساتھ بنانے والا تھا، تاہم اب وہ فلم نہیں بن رہی میں اس منصوبے کو آگے بڑھانے کا ارادہ نہیں رکھتا تھا، لیکن شاہد کپور نے کہانی سننے پر اصرار کیا کیونکہ انہیں اس میں بہت دلچسپی تھی شاہد نے مجھے یقین دلایا کہ یہ بہترین رومانوی کامیڈی فلم ثابت ہو گی اور اسے ضرور بنایا جانا چاہیے،بعد ازاں جب وی میٹ میں شاہد کپور اور کرینہ کپور خان نے مرکزی کردار ادا کیے، جسے ہندی سنیما کی کامیاب ترین فلموں میں شمار کیا جاتا ہے۔جب میں نے یہ فلم لکھی تو میں خود محبت کے بارے میں زیادہ نہیں جانتا تھا، اسی لیے فلم کو محبت کے بجائے دو اجنبی افراد کی باہمی تبدیلی اور جذباتی ارتقا کی کہانی کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔

امتیاز علی نے کہا کہ میرے نزدیک جب وی میٹ بنیادی طور پر دو ایسے لوگوں کی کہانی ہے جو اجنبی کے طور پر ملتے ہیں اور وقت کے ساتھ ایک دوسرے سے متاثر ہو کر ایک دوسرے جیسے بن جاتے ہیں اس وقت میں محبت کے بارے میں کسی گہری سمجھ بوجھ کے ساتھ نہیں لکھ رہا تھا بلکہ انسانی جذبات اور تعلقات کو دریافت کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ اپنی ایک اور تخلیق ’میں واپس آؤں گا‘ پر کام کے دوران جب میں نے تقسیمِ ہند کے متاثرین سے ملاقات کی تو مجھے احساس ہوا کہ شدید تکالیف اور مصائب کے باوجود لوگوں کو زندہ رکھنے والی قوت دراصل ان کے دلوں میں موجود محبت تھی۔

انہوں نے اپنی پہلی فلم سوچا نہ تھا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سوچا نہ تھا میں ویرن کی الجھن دراصل میری اپنی الجھن تھی، کبھی انسان ایک سمت میں آگے بڑھ رہا ہوتا ہے لیکن اس کا دل کسی اور طرف کھنچتا ہے، مجھے اس سوال کا جواب نہیں ملا، مگر میں نے اس پر فلم بنا دی۔

واضح رہے کہ ’جب وی میٹ‘ 2007ء میں ریلیز ہونے والی ایک رومانوی کامیڈی ڈرامہ فلم تھی جسے امتیاز علی نے تحریر کیا اور ہدایت کاری کی تھی فلم میں شاہد کپور نے آدتیہ کشیپ جبکہ کرینہ کپور نے گیت ڈھلوں کا یادگار کردار ادا کیا تھا، فلم کو آج بھی بالی ووڈ کی مقبول ترین کلاسک فلموں میں شمار کیا جاتا ہے۔

More posts